متحدہ عرب امارات ایک ایسی ماحول دوست مسجد تعمیر کر رہا ہے جو کسی قسم کی کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج نہیں کرے گی۔ برطانوی کمپنی اروپ کی ڈیزائن کردہ اس مسجد میں 1300 نمازیوں کی گنجائش ہوگی اس کو اکتوبر میں عوام کے لیے کھولا جائے گا ۔
ابوظبی میں تعمیر کی جانے والی یہ نیٹ زیرو انرجی مسجد دنیا بھر میں اپنی نوعیت کی پہلی ایسی مسجد ہوگی جو مٹی اور سولر پینلز سے تعمیر کی جا رہی ہے۔یہ مسجد اپنی توانائی کی 100 فیصد ضروریات سولر پینلز سے پوری کرے گی جبکہ ایسا کولنگ اور سرکولر ڈیزائن اپنایا گیا ہے جو توانائی کی ضروریات کو ایک تہائی جبکہ پانی کی ضروریات کو 50 فیصد تک کم کر دے گا۔
اس کے علاوہ سورج اور حرارت کے اثرات کو کم از کم رکھنے کے لیے مختلف طریقوں جیسے اینگل ونڈوز اور اسکائی لائٹس، وال انسولیشن اور کولنگ میٹریلز وغیرہ کو آزمایا۔ علاوہ ازیں سنسرز کے ذریعے درجہ حرارت اور نمی کو مانیٹر کرکے پنکھوں اور ائیر کنڈیشنرز کو اسی وقت آن کیا جائے گا، جب ضروری ہوگا۔





