سوئنگ کے سلطان کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ، مچل اسٹارک بازی لے گئے

آسٹریلیا کی فاسٹ بولنگ لائن میں ایک اور تاریخی سنگ میل اس وقت رقم ہوا جب مچل اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں لیفٹ آرم فاسٹ بولرز کی سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ اس کارنامے نے نہ صرف شائقین کو حیران کیا بلکہ لیجنڈری وسیم اکرم کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔

آسٹریلوی لیفٹ آرم فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے پاکستان کے عظیم فاسٹ بولر اور ’سوئنگ کے سلطان‘ وسیم اکرم کا ریکارڈ پیچھے چھوڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی ہے۔

وسیم اکرم نے اپنے شاندار کرکٹ کیریئر میں 104 ٹیسٹ میچز میں 414 وکٹیں حاصل کی تھیں جو لیفٹ آرم فاسٹ بولرز میں سب سے زیادہ وکٹوں کا عالمی ریکارڈ تھا۔

اب یہ اعزاز مچل اسٹارک کے پاس ہے جنہوں نے اپنی ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد بڑھا کر 415 کرلی۔ یہ اہم سنگ میل انہوں نے گابا میں جاری دوسرے ایشیز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلش بیٹر ہیری بروک کو آؤٹ کرکے حاصل کیا، جو اس میچ میں ان کی تیسری وکٹ تھی۔

مچل اسٹارک نے 2011 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اس سنگ میل تک پہنچنے سے پہلے وہ 101 ٹیسٹ میچز میں 412 وکٹیں حاصل کرچکے تھے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں لیفٹ آرم فاسٹ بولرز کی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں سری لنکا کے چمندا واس 355 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ 317 وکٹوں کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کے مچل جونسن 313 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top