کراچی: ساتواں انٹرنیشنل کنزیومر پروڈکٹ فیئر 2025 کراچی ایکسپو سینٹر میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ یہ چار روزہ عالمی نمائش ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی، جبکہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) نے اس کی اسٹریٹجک معاونت فراہم کی۔
منتظمین کے مطابق اس بین الاقوامی نمائش میں 52 ہزار سے زائد ملکی اور غیر ملکی وزیٹرز نے شرکت کی، جن میں کاروباری شخصیات، سرمایہ کار، خریدار اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے شامل تھے۔ نمائش کے دوران کنزیومر مصنوعات، جدید برانڈز اور تجارتی مواقع کو بھرپور انداز میں پیش کیا گیا۔
نمائش کے دوران 123 ملین امریکی ڈالر سے زائد مالیت کے کاروباری معاہدے طے پائے، جو پاکستان کی کنزیومر مارکیٹ پر عالمی اعتماد اور بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔ ان معاہدوں میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری اور مستقبل کے تجارتی منصوبے شامل ہیں۔
فیئر مثبت معاشی تشخص اجاگر کرنے میں کامیاب رہا
شرکاء نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایس آئی ایف سی کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور سہولت کاری کے اقدامات کو سراہا۔ نمائش میں چین، انڈونیشیا سمیت کئی دیگر ممالک کی کمپنیوں نے شرکت کی اور کامیاب بزنس ٹو بزنس (B2B) ملاقاتیں کیں۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کنزیومر پروڈکٹ فیئر 2025 نہ صرف پاکستان کے مثبت معاشی تشخص کو اجاگر کرنے میں کامیاب رہا بلکہ مستقبل میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بھی ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔








