ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے صارفین کے اکاؤنٹس کی بنیادی معلومات ظاہر کرنے والا نیا فیچر جاری کردیا ہے، جس کے بعد یہ جاننا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہوگیا ہے کہ ایک صارف اپنا اکاؤنٹ کس ملک یا خطے سے چلا رہا ہے۔ نئے فیچر نے جہاں شفافیت بڑھائی ہے وہیں پرائیویسی سے متعلق نئی بحث کو بھی جنم دیا ہے۔
ایکس نے ایک ایسا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے تحت صارفین کسی بھی اکاؤنٹ کی چند اہم معلومات دیکھ سکتے ہیں۔ ان تفصیلات میں شامل ہے کہ اکاؤنٹ کس ملک یا ریجن سے استعمال ہو رہا ہے، صارف نے اپنا نام کتنی بار تبدیل کیا، اکاؤنٹ کب بنایا گیا، اور ایپ کب یا کس طریقے سے ڈاؤن لوڈ کی گئی۔
ایکس کے ہیڈ آف پراڈکٹ نکیتا بئیر کے مطابق ایکس کا نیا فیچر پلیٹ فارم پر شفافیت بڑھانے اور مواد کی سچائی کی تصدیق کے لیے اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مزید ایسے ٹولز فراہم کیے جائیں گے جن سے صارفین پوسٹس، معلومات اور پروفائلز کی اصل اور صداقت جانچ سکیں گے۔
نکیتا بئیر نے واضح کیا کہ ان ممالک کے لیے جہاں اظہارِ رائے پر پابندیاں موجود ہیں، وہاں صارفین کی حفاظت کیلئے خصوصی پرائیویسی ٹولز شامل کیے گئے ہیں، تاکہ وہ صرف اپنا ریجن ظاہر کریں اور اپنی درست لوکیشن چھپائے رکھ سکیں۔
اس نئے فیچر پر صارفین کی رائے ملی جلی ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سے پرائیویسی متاثر ہوگی جبکہ دیگر کا خیال ہے کہ اس سے اکاؤنٹس اور مواد کی حقیقت جانچنے میں آسانی ہوگی۔








