اے آر ٹیکنالوجی کی دو بڑی کمپنیوں میں قانونی جنگ، امریکی عدالت میں کیس

اے آر گلاسز بنانے والی معروف کمپنی ایکس ریئل (XREAL) نے اپنے براہِ راست حریف ویچر (VITURE) کے خلاف امریکا میں پیٹنٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ یہ مقدمہ امریکی ریاست ٹیکساس کی مشرقی ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر کیا گیا ہے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق ایکس ریئل کی ذیلی کمپنی Matrixed Reality Technology نے الزام عائد کیا ہے کہ Eden Future HK Limited اور Beijing Xingzhe Wujiang Technology نے ایکس ریئل کے امریکی پیٹنٹ نمبر 11,988,839 کی خلاف ورزی کی ہے، جو اے آر گلاسز میں استعمال ہونے والے آپٹیکل سسٹم ٹیکنالوجی سے متعلق ہے۔

ایکس ریئل کا کہنا ہے کہ مذکورہ پیٹنٹ مئی 2024 میں جاری ہوا تھا، تاہم اس کی بنیاد 2018 میں دائر کی گئی درخواست پر ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ پیٹنٹ ویئریبل اے آر ڈیوائسز میں امیج کوالٹی، فیلڈ آف ویو، ایرگونومکس اور ہلکے وزن جیسے بنیادی تکنیکی مسائل کے حل پر مبنی ہے۔

مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ویچر کے متعدد مصنوعات، جن میں Viture Pro، Luma Pro اور Luma Ultra شامل ہیں، امریکا میں فروخت یا درآمد کی گئیں جو ایکس ریئل کے پیٹنٹ کے ایک یا زائد دعوؤں کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔

ایکس ریئل کے مطابق امریکا میں دائر یہ مقدمہ یورپ میں جاری قانونی کارروائی کا تسلسل ہے۔ نومبر 2025 میں جرمنی کے شہر میونخ کی عدالت نے ابتدائی حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ویچر کی بعض مصنوعات، بشمول Viture Pro XR، کی فروخت اور درآمد پر پابندی عائد کی تھی۔ ایکس ریئل کا دعویٰ ہے کہ اس کے پاس دنیا بھر میں 800 سے زائد پیٹنٹس اور پیٹنٹ درخواستیں موجود ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top