سندھ کی ترقی اسلام آباد کی محتاج نہیں، بلاول بھٹو

تھرپارکر (سی این پی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کچھ عناصر سندھ کے حقوق اور وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم سندھ کے عوام اور پیپلز پارٹی ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

تھرپارکر میں مٹھی اسلام کوٹ روڈ پر واقع این ای ڈی یونیورسٹی سے الحاق شدہ تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تھرپارکر اور پورے صوبہ سندھ کے خلاف منظم مہم چلائی جاتی ہے اور جھوٹا بیانیہ گھڑا جاتا ہے کہ تھر کے وسائل اسلام آباد منتقل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کے پاس اتنے کوئلے کے ذخائر موجود ہیں جتنے سعودی عرب کے پاس تیل ہے، مگر ایک سازش کے تحت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ان کوششوں کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی جن کا مقصد سندھ کے وسائل سے عوام کو فائدہ پہنچانا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ کی کردارکشی کی جاتی ہے، لیکن سندھ کے خلاف کی جانے والی تمام سازشوں کا عملی جواب آج تھرپارکر بن چکا ہے، جہاں کے کوئلے سے فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں کو بھی معاشی فائدہ حاصل ہوا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تھر کے کوئلے سے معاشی انقلاب آیا ہے اور اس سے حاصل ہونے والے منافع کا حصہ تھر فاؤنڈیشن کو دیا جائے گا تاکہ مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی کا تھر میں قیام عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، جسے پیپلز پارٹی کی حکومت نے پورا کیا۔ پیپلز پارٹی غریب دوست جماعت ہے اور ہمیشہ صوبے کے عوام کے مفادات کو ترجیح دیتی ہے۔

++

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top