نیو چندیگڑھ میں کھیلے گئے سنسنی خیز ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارت کو 51 رنز سے شکست دے دی اور پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ پروٹیز نے بیٹنگ اور بولنگ، دونوں شعبوں میں بھرپور تسلط قائم رکھا، جبکہ بھارت پوری اننگز میں دباؤ کا شکار دکھائی دیا۔
بھارت کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقا نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز کا بڑا مجموعہ کھڑا کیا۔ کوئنٹن ڈی کاک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 90 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر بھارتی بولرز کو بے بس کردیا۔ کپتان ایڈن مارکرم نے 29، ڈیوالڈ بریوس نے 14 اور ریزا ہینڈرکس نے 8 رنز بنائے۔ اختتامی اوورز میں ڈونوون فریرا کے 30 اور ڈیوڈ ملر کے 20 ناٹ آؤٹ رنز نے اسکور کو مزید تقویت دی۔
بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی نے 2 جبکہ اکشر پٹیل نے 1 وکٹ حاصل کی۔
بھارتی بلے باز جنوبی افریقی بولرز کے سامنے جم نہ سکے
جوابی اننگز میں بھارت کے بلے باز جنوبی افریقی بولرز کے سامنے جم نہ سکے۔ پوری ٹیم آخری اوور میں 162 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ تِلک ورما نے 62 رنز کے ساتھ مزاحمت کی کوشش کی، مگر دیگر بلے باز وکٹ پر ٹھہر نہ سکے۔ جتیش شرما نے 27، اکشر پٹیل نے 21، ہاردک پانڈیا نے 20 اور ابھیشیک شرما نے 17 رنز بنائے۔ کپتان سوریا کمار یادو صرف 5 رنز بنا سکے جبکہ شبمن گِل اور ورون چکرورتی کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔
پروٹیز کی بولنگ میں اوٹنل بارٹمن چھا گئے، انہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے بھارتی بیٹنگ لائن کو دھچکا پہنچایا۔ مارکو جینسن، لُنگی اینگیڈی اور لوتھو سیپامالا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
سیریز اب 1-1 سے برابر ہو چکی ہے جبکہ فیصلہ کن بڑھت کا موقع دونوں ٹیموں کو 14 دسمبر کو دھرمشالا میں ملے گا۔







