نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل بڑی خوشخبری مل گئی ہے، جہاں کپتان مچل سینٹنر سمیت فاسٹ بولرز میٹ ہینری اور کائل جیمیسن مکمل فٹ قرار دیے گئے ہیں۔ یہ سیریز اگلے سال کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کی آخری بڑی تیاری ہو گی۔
مچل سینٹنر، جو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں گروئن انجری کے باعث شریک نہیں ہو سکے تھے، صحت یابی کے عمل کے تحت جنوری کے آغاز میں بھارت میں ہونے والی تین ون ڈے میچز کی سیریز نہیں کھیلیں گے۔
تاہم وہ اسی ماہ کے آخر میں ہونے والی پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں ٹیم کی قیادت کے لیے دستیاب ہوں گے۔ یہ میچز بھارت اور سری لنکا میں 7 فروری سے 8 مارچ تک شیڈول ورلڈ کپ سے قبل کھیلے جائیں گے۔
میٹ ہینری، جو ویسٹ انڈیز سیریز کے آخری حصے میں پنڈلی کی انجری کے باعث باہر رہے، بھی محتاط واپسی کے پلان کے تحت ون ڈے سیریز میں شامل نہیں ہوں گے۔
فاسٹ بولنگ اٹیک میں اہم واپسی
کائل جیمیسن کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں آرام دیا گیا تھا، تاہم وہ اب اس فاسٹ بولنگ یونٹ میں واپس آ گئے ہیں جہاں لاکی فرگوسن اور ایڈم ملن کی عدم موجودگی ہے۔ دونوں کھلاڑی اس وقت ٹی ٹوئنٹی فرنچائز لیگز کھیل رہے ہیں اور دورے کے آخری مرحلے میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
جیکب ڈفی اور زیک فولکس، جنہوں نے رواں سال انٹرنیشنل کیریئر کا متاثر کن آغاز کیا، بھارت جانے والے اسکواڈ میں شامل ہیں۔ تاہم ول او رورک کمر کی تکلیف اور بلیئر ٹکنر کندھا اترنے کے باعث دستیاب نہیں۔
ڈیون کانوے نے جنوبی افریقہ میں جاری ایس اے 20 لیگ میں اپنا قیام مختصر کر کے دونوں سیریز کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واحد وکٹ کیپر بیٹر کے طور پر شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ ٹیم، جو 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں رنر اپ رہی تھی، آئندہ ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں جنوبی افریقہ، افغانستان، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میدان میں اترے گی۔
کوچ کا مؤقف اور ورلڈ کپ فوکس
ہیڈ کوچ روب والٹر کا کہنا ہے کہ برصغیر کے حالات نیوزی لینڈ سے بالکل مختلف ہیں اور ان کنڈیشنز میں کھیلنے کا ہر موقع ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔
ان کے مطابق بھارت میں یہ سیریز خاص طور پر اس لیے اہم ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی اسی خطے میں کھیلا جانا ہے، جہاں حالات سے ہم آہنگ ہونا کامیابی کی کنجی ہو گا۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ
مچل سینٹنر (کپتان)، مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، ڈیون کانوے، جیکب ڈفی، زیک فولکس، میٹ ہینری، کائل جیمیسن، بیون جیکبز، ڈیرل مچل، جیمز نیشم، گلین فلپس، رچن رویندرا، ٹم رابنسن، اش سودھی
ون ڈے اسکواڈ
مائیکل بریسویل (کپتان)، آدی اشوک، کرسچن کلارک، جوش کلارکسن، ڈیون کانوے، زیک فولکس، مچ ہے، کائل جیمیسن، نک کیلی، جےڈن لینکس، ڈیرل مچل، ہنری نکولس، گلین فلپس، مائیکل رے، ول ینگ







