پاکستان ایران میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (سی این پی) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی حکام سے امیگرنٹ ویزا کی پروسیسنگ کے معاملے پر رابطے میں ہے اور امید ہے کہ امریکی امیگرنٹ ویزا کی معمول کی آن لائن پروسیسنگ جلد بحال ہو جائے گی۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان ایران کی موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر ممکن کوشش کی حمایت کرتا ہے جس سے ایران میں امن و استحکام قائم رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ، دوست اور برادر ملک ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی روابط موجود ہیں۔

ترجمان کے مطابق ایران میں حالیہ احتجاجات معاشی مشکلات کے باعث سامنے آئے، تاہم امید ہے کہ ایرانی حکومت کے اعلان کردہ امدادی اقدامات سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ پاکستان کو ایرانی عوام اور قیادت کی دانشمندی پر مکمل اعتماد ہے۔

بھارتی آرمی چیف کے الزامات مسترد

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران سے متعلق ٹریول ایڈوائزری برقرار ہے اور پاکستانی شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تہران میں پاکستانی سفارتخانہ شہریوں کی معاونت کیلئے مکمل طور پر متحرک ہے۔

بھارتی آرمی چیف کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے الزامات من گھڑت اور سیاسی مقاصد کے تحت لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیاں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی اور ماورائے عدالت قتل کے شواہد ریکارڈ پر موجود ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top