حج 2026 کا شیڈول جاری: 100 فیصد ادائیگی لازمی، غفلت پر کوٹہ ضبط

اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے پرائیویٹ حج آپریٹرز کو اخراجات، بکنگ اور ادائیگیوں سے متعلق نیا شیڈول جاری کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ مقررہ تاریخوں پر عمل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ آپریٹر کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق وفاقی کابینہ سے منظور شدہ حج پالیسی 2026 کے تحت پرائیویٹ حجاج کے تمام اخراجات سعودی ای والٹ میں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ تمام پرائیویٹ حج آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ حج پیکج کی 100 فیصد رقوم اپنے سعودی اکاؤنٹ میں جمع کرائیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ منیٰ میں زمین، پلاٹ اور دیگر سروسز کی بکنگ کے لیے حتمی تاریخ 21 دسمبر 2025 ہے، جبکہ بکنگ کا ثبوت 15 دسمبر تک لازمی طور پر وزارتِ مذہبی امور کو جمع کرانا ہوگا تاکہ ناکام ہونے والے آپریٹرز کا کوٹہ بروقت کامیاب آپریٹرز یا سرکاری حج اسکیم میں منتقل کیا جا سکے۔

وزارت نے خبردار کیا ہے کہ ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں متاثرہ حجاج کی تمام تر ذمہ داری اسی ٹور آپریٹر پر عائد ہوگی۔ نادہندہ آپریٹر کا کوٹہ اور جمع شدہ رقم کسی کامیاب ٹور کمپنی یا سرکاری اسکیم کو منتقل کر دی جائے گی۔ اس کے علاوہ نہ صرف لائسنس منسوخ ہوگا، بلکہ ایسے ناکام حج آپریٹرز پر مستقبل میں حج آپریشن کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی، اور تمام جمع شدہ رقوم سرکاری خزانے میں ضبط ہو جائیں گی۔

مزید پڑھیں: تازہ ترین اردو خبریں

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top