اسلام آباد (سی این پی) ملتِ پاکستان کے عظیم محسن حکیم محمد سعید شہید کی یاد میں “یادیں باتیں” کے عنوان سے ایک پروگرام ہمدرد یونیورسٹی اسلام آباد کے حکیم محمد سعید آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ تقریب کا مقصد حکیم محمد سعید کی علمی، طبی اور سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا، جس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
پروگرام کے مہمانِ خصوصی سینیٹر مشاہد حسین سید تھے۔ تقریب سے سعدیہ راشد صدر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان، لیفٹیننٹ جنرل (ر) معین حیدر سابق وزیر داخلہ، حکیم عبد الحنان صدر PAEM، شہزاد عالم نمائندہ WHO اور ابو طالب بھٹو گروپ ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ایڈمن نے خطاب کیا۔
دیگر مقررین میں فیصل ندیم چیف آپریٹنگ آفیسر ہمدرد، سید محمد ارسلان ڈائریکٹر پروگرامز، امان اللہ نیازی ہیڈ آف پبلک ریلیشنز و پروٹوکول، سید کاشف امام ریجنل آپریشنز منیجر اور امتیاز حیدر ڈی جی ہمدرد یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس شامل تھے۔ مقررین نے کہا کہ حکیم محمد سعید شہید کی زندگی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ان کی خدمات آج بھی پاکستان کے عوام کے لیے امید کی علامت ہیں۔
مقررین نے کہا کہ حکیم محمد سعید نے طبِ یونانی کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا اور صحت و سماجی بہبود کے ایسے ادارے قائم کیے جو آج بھی لاکھوں افراد کی خدمت میں مصروف ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ہمدرد مراکز کے سیلز نمائندگان میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔






