سعودی عرب ریڈ سی ریزورٹ، رونالڈو اور جارجینا نے 2ولاز خرید لئے

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی اہلیہ جارجینا روڈریگز نے سعودی عرب کے ریڈ سی ریزورٹ میں دو شاندار ولاز خرید لیے ہیں۔ یہ خریداری سعودی عرب میں لگژری رہائش اور سیاحت کے فروغ کی ایک نمایاں مثال قرار دی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ ولاز رِٹز کارلٹن ریزرو ریزیڈنس کا حصہ ہیں، جو دنیا کی انتہائی خصوصی جزیرہ نما رہائش گاہوں میں شمار ہوتے ہیں۔ یہ منصوبہ اعلیٰ معیار، نجی ماحول اور قدرتی حسن کی وجہ سے عالمی توجہ حاصل کر چکا ہے۔

ریڈ سی گلوبل (آر ایس جی) کے مطابق یہ 19 انتہائی نجی ولاز صاف سفید ساحلوں اور شفاف پانیوں کے درمیان واقع ہیں، جہاں رسائی صرف چارٹر بوٹ یا آبی جہاز کے ذریعے ممکن ہے، جس سے رازداری اور سکون کو یقینی بنایا گیا ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو نے اس مقام کو ’’واقعی شاندار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور جارجینا یہاں کے قدرتی حسن اور پُرسکون ماحول سے فوری طور پر متاثر ہوئے۔ خریدے گئے ولاز میں ایک تین بیڈروم کا ولا خاندانی وقت کے لیے جبکہ دوسرا دو بیڈروم کا ولا نجی قیام کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

لگژری رہائش اور وژن 2030

یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کا حصہ ہے، جس کا مقصد پائیدار اصولوں کے تحت لگژری سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ منصوبے کے تحت 2040 تک مقامی ماحولیاتی نظام کے کم از کم 30 فیصد حصے کو تحفظ فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top