کراچی:
ملکی صرافہ مارکیٹ میں سونے کے بھاؤ ایک بار پھر بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 7 ہزار 400 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 29 ہزار 862 روپے کا ہو گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 6 ہزار 337 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد نیا بھاؤ 3 لاکھ 68 ہزار 530 روپے مقرر ہوا۔
دوسری جانب چاندی بھی پیچھے نہ رہی فی تولہ قیمت 115 روپے بڑھ کر 5 ہزار 209 روپے تک جا پہنچی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی چمک مزید بڑھ گئی، جہاں فی اونس سونا 74 ڈالر کے اضافے سے 4 ہزار 75 ڈالر تک جا پہنچا۔
ماہرین کے مطابق ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ، غیر یقینی معاشی صورتحال اور عالمی سطح پر طلب میں اضافے نے سونے کی قیمتوں کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔








