سڈنی کے ساحلی علاقے میں فائرنگ، 16 افراد ہلاک، ایک حملہ آور بھی مارا گیا

سڈنی: آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحلی علاقے میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران فائرنگ کے واقعے میں 16 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سیکیورٹی اداروں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پالیا۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور موقع پر ہی مارا گیا، جبکہ دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے دوران وہاں موجود احمد ال احمد نامی ایک شہری نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔ اس شہری نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک حملہ آور کو قابو میں کیا، اس سے اسلحہ چھینا اور بروقت کارروائی کے ذریعے متعدد افراد کی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

صدرِ زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارافسوس

آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے سڈنی میں پیش آنے والے اس واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل برداشت قرار دیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور واقعے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا اعلان بھی کیا۔

دوسری جانب صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سڈنی میں فائرنگ کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے آسٹریلیا کے عوام اور حکومت کے ساتھ اس مشکل وقت میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف اصولی مؤقف کو بھی دہرایا گیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top