اسلام آباد: بالائی علاقوں میں کمزور مغربی ہواؤں کے سسٹم (شیلَو ویسٹرلی ویو) کے زیرِ اثر خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔
گلگت بلتستان کے اہم شہر سکردو نے سفید چادر اوڑھ لی، جہاں شہری علاقوں اور بالائی پہاڑی علاقوں میں تین سے پانچ انچ تک برف پڑی۔ برفباری کے بعد سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسکردو کے شہری علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 13 ڈگری تک گر گیا ہے۔ ادھر سوات میں بھی برف کے گالوں نے درختوں، سڑکوں اور نشیبی علاقوں کو ڈھانپ لیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سسٹم 16 جنوری سے ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہو چکا ہے، جو 19 جنوری تک برقرار رہ سکتا ہے، جبکہ 20 جنوری سے اس کے مزید مضبوط ہونے اور 21 جنوری سے ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لینے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں بارش، گرج چمک کے ساتھ جبکہ ہلکی سے درمیانی برفباری متوقع ہے۔ اس کے علاوہ 18 سے 20 جنوری کے دوران مری، گلیات اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔








