مطفرآباد : پیپلز پارٹی کے راجا فیصل ممتاز راٹھور آزاد جموں کشمیر کے 16 ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔ فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں 36 اور مخالفت میں 2 ووٹ آئے. 6 ممبران نے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا، نئے وزیراعظم کے حلف کی تقریب کل منعقد کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ارکان اسمبلی نےہاتھ کھڑے کرکے رائے شماری میں حصہ لیا، پیپلزپارٹی کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو 36 ووٹ ملے۔
آزاد کشمیر کا ایوان 53 ارکان پر مشتمل ہے جس میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے 27 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے سادہ اکثریت حاصل ہوئی، مسلم لیگ ن نے بھی انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی ، 27ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور،صدر و گورنرز کو تاحیات استثنیٰ
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمعہ 14 نومبر کو ارکان اسمبلی چوہدری قاسم مجید، سردار جاوید ایوب، ملک ظفر اقبال، علی شان سونی اور محمد رفیق نیئر نے جمع کروائی تھی۔
فیصل ممتاز راٹھور کون؟
فیصل ممتاز راٹھور 11 اپریل 1978 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ فیصل ممتاز راٹھور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر ممتاز حسین راٹھور مرحوم کے فرزند ہیں۔ان کی والدہ بیگم فرحت راٹھور بھی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی رکن اور پیپلز پارٹی شعبۂ خواتین کی صدر رہیں ۔فیصل راٹھور کا خاندان آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے بانیوں میں شمار ہوتا ہے۔انہوں نے ابتدائی تعلیم راولپنڈی اور گریجویشن پنجاب یونیورسٹی سے کی۔
فیصل راٹھور کے والد 1975 کے انتخابات کے بعد سنیئر وزیر ، 1990 میں وزیراعظم ، 1991 میں اپوزیشن لیڈر اور 1996 میں اسپیکر قانون ساز اسمبلی بنے تھے ۔
فیصل راٹھور نے ایل اے-17 حویلی کہوٹہ سے پہلی بار 2006 کے انتخابات میں حصہ لیا۔وہ 2011 کے انتخابات میں پہلی بار پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے اور چوہدری عبدالمجید کی کابینہ میں وزیرِ اکلاس اور وزیرِ برقیات رہے ۔
فیصل راٹھور 2016 میں ایک سیاسی مقدمے میں گرفتار بھی ہوئے، بعد ازاں بے گناہ قرار پائے۔ فیصل راٹھور 23 مارچ 2017 کو پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل بنے اور تاحال پارٹی کے سیکرٹری جنرل بھی ہیں ۔وہ دوسری بار 2021 کے انتخابات میں ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے اور بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کیا۔
فیصل راٹھور 2023 میں چوہدری انوار الحق کی اتحادی حکومت میں وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈیولپمنٹ بنے ۔وہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق حکومت کی جانب سے عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ بھی تھے۔
فیصل ممتاز راٹھور اپنی صلح جو، نرم گفتار اور غیر متنازعہ شخصیت کی بدولت سیاسی و عسکری حلقوں، عوامی ایکشن کمیٹی اور عوام میں بھی اچھی شہرت رکھتے ہیں۔وہ پاکستان کے نیشنل میڈیا کا تجربہ بھی رکھتے ہیں اور نجی ٹی وی پر مستقل پروگرام کرتے رہے ہیں ۔
فیصل ممتاز راٹھور پارٹی میں بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کے انتہائی بااعتماد شمار ہوتے ہیں۔

