فٹبال کے سب سے بڑے عالمی مقابلے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ڈراز جاری کردیے گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی دنیا بھر میں شائقین کا جوش ایک بار پھر عروج پر پہنچ گیا ہے۔ اس بار ایونٹ تاریخ رقم کرے گا کیونکہ پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔ ڈراز کی تقریب امریکا میں ہوئی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خصوصی شرکت کی۔
فیفا ورلڈ کپ آئندہ برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کے میزبان شہروں میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ 11 جون 2026 کو شروع ہوگا جبکہ فائنل 19 جولائی کو ہوگا۔ مجموعی طور پر تین ممالک کے 16 شہروں میں مقابلے ہوں گے۔ افتتاحی میچ میکسیکو سٹی میں میزبان ٹیم میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا۔
ڈراز کے مطابق 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ ‘اے’میں میزبان میکسیکو، جنوبی افریقہ ، جنوبی کوریا اور پلے ڈی سے کوالیفائر ٹیم شامل کی جائےگی۔گروپ’ بی’ میں میزبان کینیڈا، قطر، سوئٹزرلینڈ اور یو ئیفا پلے آف اے کی ٹیم شامل ہے، گروپ ‘بی ‘کی چوتھی ٹیم ویلز یا نادرن آئرلینڈ میں سے ایک ہوگی۔
گروپ ‘سی ‘ میں برازیل، مراکش، اسکاٹ لینڈ اور ہیٹی شامل ہیں جبکہ گروپ’ ڈی’ میں میزبان امریکہ، آسٹریلیا، پیراگوئےاور یو ئیفا پلے آف سی کی کوالیفائر ٹیم شامل ہوگی۔گروپ’ ای’ میں جرمنی، ایکواڈور، آئیوری کوسٹ اور کوراکاو ‘شامل ہیں جبکہ گروپ’ ایف’ میں نیدر لینڈز، جاپان ، تیونس اور یو ئیفا کوالیفائر بی سے ٹیم میں شامل کیا جائےگا۔
گروپ ‘ جی’ میں بیلجیم ، ایران ،مصر اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ گروپ’ ایچ’ میں اسپین، سعودی عرب، یوروگوئے اور کیپ وردے کی ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے۔گروپ ‘آئی’ میں فرانس سنیگا ل، ناروے اور فیفا پلے آف 2 کی کوالیفائر ٹیم شامل ہوگی جبکہ گروپ’ جے’ میں دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا، آسٹریا ، الجیریا اور اردن شامل ہیں۔
گروپ ‘کے’ سے پرتگال، ازبکستان، کولمبیا اور فیفا کوالیفائر ون سے ٹیم شامل ہوگی جبکہ گروپ’ ایل’ سے انگلینڈ،کروشیا ،پانامہ اور گھانا کو شامل کیا گیا ہے۔
دنیا بھر کے فٹبال ماہرین اور شائقین کے مطابق کئی گروپس انتہائی سخت مقابلوں کا اشارہ دے رہے ہیں، جبکہ بڑے ممالک کے درمیان دلچسپ ٹکراؤ ایونٹ کو مزید سنسنی خیز بنائے گا۔







