لکس اسٹائل ایوارڈز 2025: ہانیہ عامر بہترین اداکارہ قرار

کراچی: روشنیوں کے شہر میں لکس اسٹائل ایوارڈز 2025 کی رنگا رنگ تقریب سجائی گئی، جس میں شوبز انڈسٹری کے نامور ستاروں نے شرکت کر کے تقریب کو ایک شاندار اور یادگار ایونٹ بنا دیا۔ ریڈ کارپٹ پر ستاروں کی آمد نے ماحول کو مزید جگمگا دیا جبکہ تقریب کے آغاز سے اختتام تک شائقین خوب محظوظ ہوتے رہے۔

تقریب کا اہم لمحہ اس وقت دیکھا گیا جب عالمی شہرت یافتہ صوفی سنگر عابدہ پروین نے اپنا عارفانہ کلام پیش کیا۔ ان کے روح پرور کلام نے ہال میں موجود ہر شخص کو مسحور کر دیا اور سامعین نے بھرپور داد دی۔

ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ ہانیہ عامر نے ایک بار پھر اپنی اداکاری کا لوہا منوایا اور ڈرامہ کبھی میں کبھی تم میں شاندار پرفارمنس پر سال کی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ ہانیہ عامر کو عوامی ووٹنگ میں سب سے زیادہ ووٹس ملے، جس نے ان کی مقبولیت کو مزید واضح کر دیا۔ ہانیہ نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ کامیابی ان کی محبت کی مرہونِ منت ہے۔

حرا فیصل سال کی خوبصورت انفلوئنسر قرار

سوشل میڈیا کی دنیا میں بھی لکس ایوارڈز نے منفرد اعتراف کیا۔ حرا فیصل کو سال کی خوبصورت انفلوئنسر کے ایوارڈ سے نوازا گیا، جبکہ سوشل میڈیا کی مقبول اور وائرل جوڑی ریحان اور رابعہ—جنہیں ’رون اینڈ کوکو‘ کے نام سے جانا جاتا ہے—کو گھر بیٹھے تخلیق کردہ بہترین ویڈیوز کے زمرے میں ایوارڈ دیا گیا۔ ان کی کریئیٹو ویڈیوز سوشل میڈیا پر کھربوں بار دیکھی جاچکی ہیں، جس نے ان کی مقبولیت کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔

تقریب میں متعدد دیگر کیٹیگریز میں بھی ایوارڈز تقسیم کیے گئے جن میں اس سال کی بہترین فلم، بہترین او ایس ٹی، بہترین فیشن فوٹوگرافر، بہترین ماڈل اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ شامل تھے۔ لکس اسٹائل ایوارڈز کی اس بار کی تقریب پہلے سے زیادہ شاندار اور بھرپور رہی، جسے سوشل میڈیا پر بھی لاکھوں صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top