کوئٹہ (سی این پی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شدید سرد موسم میں مختلف شہروں میں کم گیس پریشر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پی پی ایل اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پی پی ایل اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کا اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں اراکین بلوچستان اسمبلی نے شرکت کی اور کوئٹہ، زیارت، سوئی اور قلات میں گیس کی کمی اور عدم دستیابی کی شکایات پیش کیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شدید سردی میں عوام کو گیس کی عدم فراہمی ناقابلِ قبول ہے، جبکہ گیس حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزارت توانائی کی جانب سے بلوچستان کے لیے محدود گیس ایلوکیشن باعث تشویش ہے، اس معاملے پر وزیر اعظم پاکستان کو خط لکھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں گیس بحران ہر صورت حل کیا جائے گا، کوئی حیلہ بہانہ قبول نہیں، عوام شدید مشکلات میں ہیں اور حکومت خاموش نہیں رہے گی۔






