واشنگٹن (سی این پی) امریکا کی جانب سے وینزویلا میں صدر نکولس مادورو کو حراست میں لینے کے بعد لاطینی امریکا کے دیگر ممالک میں بھی ممکنہ کارروائیوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں، اسی تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو کو سخت اور غیر معمولی انتباہ جاری کیا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ کولمبیا کے صدر کو محتاط رہنا چاہیے کیونکہ کولمبیا سے منشیات تیار ہو کر امریکا پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ کولمبیا میں منشیات تیار کرنے والی لیبارٹریوں پر حملوں کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا، جسے خطے میں ممکنہ امریکی مداخلت کا اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے ردعمل میں وینزویلا میں امریکی کارروائی کو لاطینی امریکا کی خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات خطے میں انسانی بحران کو جنم دے سکتے ہیں۔ انہوں نے ماضی میں بھی کیریبین میں امریکی فوجی تعیناتیوں پر تنقید کی ہے، جنہیں واشنگٹن منشیات کے خلاف کارروائی قرار دیتا ہے۔
امریکی پالیسی پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ مغربی نصف کرے میں امریکی برتری پر کوئی سوال نہیں اٹھنے دیا جائے گا، جبکہ وینزویلا کے توانائی ذخائر کو بھی امریکا کے لیے اہم قرار دیا۔ اسی دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اشارہ دیا کہ مستقبل میں کیوبا بھی ٹرمپ انتظامیہ کی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے میکسیکو کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ منشیات کارٹلز کا اثر و رسوخ تشویشناک ہے، جبکہ واضح رہے کہ اس سے قبل وہ ایران میں بھی مداخلت کا عندیہ دے چکے ہیں۔








