ٹیلی کام سیکٹر میں بڑا معاہدہ، پی ٹی سی ایل کو ٹیلی نارخریدنے کی اجازت

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کو ٹیلی نار پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے حصول کے لیے این او سی جاری کر دیا ہے۔ یہ منظوری قابلِ اطلاق ریگولیٹری فریم ورک کے تحت کی جانے والی جامع جانچ پڑتال اور مختلف تکنیکی پہلوؤں کے تفصیلی جائزے کے بعد دی گئی۔

پی ٹی اے کے مطابق، مجوزہ ٹرانزیکشن کے اثرات کا مارکیٹ میں مسابقت، صارفین کے مفادات اور پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کی مجموعی صورتحال کے تناظر میں باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ اس دوران تمام قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری یقینی بنانے کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں سے مشاورت بھی کی گئی۔

این او سی کے اجرا کے بعد، پی ٹی سی ایل کو قانونی اور تجارتی تقاضوں کی تکمیل کے ساتھ حصول کے اگلے مراحل پر پیش رفت کی اجازت دے دی گئی ہے۔ پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ کمپنیوں کی جانب سے سروسز کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا، معیارِ خدمات (QoS) کو برقرار رکھنا اور لائسنس کی تمام شرائط کی مکمل پابندی اس عمل کا اہم حصہ ہوگی۔

دونوں کمپنیاں اس منتقلی کے دوران صارفین کے تناظر میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا سروس ڈسٹربنس کے بغیر آپریشنز جاری رکھنے کی پابند ہوں گی، جبکہ ٹیلی کام مارکیٹ میں اس ڈیل کے ممکنہ ممالک پر بھی مسلسل نظر رکھی جائے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top