پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو پورا دن غیر یقینی صورتحال کے سائے میں ٹریڈنگ جاری رہی۔ 100 انڈیکس ابتدائی سیشنز میں تیزی کے ساتھ 163,357 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچا، تاہم دوپہر کے بعد دباؤ بڑھنے سے مارکیٹ میں گہری مندی دیکھی گئی۔
کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 834 پوائنٹس کمی سے 162,102 پوائنٹس پر بند ہوا، جبکہ گزشتہ روز یہ سطح 162,936 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس دوران انڈیکس نے دن کی کم ترین سطح 161,853 پوائنٹس کو بھی چھوا۔
آج کی ٹریڈنگ میں مجموعی طور پر 25 کروڑ 13 لاکھ سے زائد شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 17 ارب روپے سے زائد رہی۔ مارکیٹ میں کل 475 کمپنیوں کے شیئرز ٹریڈ ہوئے جن میں سے صرف 144 کمپنیوں کے نرخوں میں اضافہ دیکھا گیا، جب کہ 289 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں نیچے آئیں۔ 42 کمپنیوں کے نرخ جوں کے توں رہے۔
مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاسی بے یقینی، بلند شرح سود اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جاری سیلنگ کے باعث ہنوز دباؤ برقرار ہے۔ ان کے مطابق آئندہ چند سیشنز میں بھی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔








