کاکس بازار: پاکستان ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش ویمنز انڈر 19 ٹیم کو پانچویں اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 3-2 سے اپنے نام کر لی۔
کاکس بازار میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم بیٹنگ میں مکمل طور پر دباؤ کا شکار نظر آئی اور 19.1 اوورز میں 84 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے صرف ایک کھلاڑی ڈبل فگر تک پہنچ سکی۔ سعدیہ اختر نے 27 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کیا، تاہم دیگر بیٹرز پاکستانی بولنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکیں۔
پاکستان کی جانب سے بریرہ سیف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ روزینہ اکرم نے 2 وکٹیں حاصل کر کے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کو جکڑ کر رکھا۔ دیگر بولرز نے بھی لائن اور لینتھ برقرار رکھتے ہوئے حریف ٹیم پر دباؤ قائم رکھا۔
بریرہ سیف میچ کی بہترین کھلاڑی قرار
ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم نے محتاط مگر پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ 85 رنز کا ہدف 17 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کومل خان نے 25 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ اقصیٰ حبیب نے 21 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
فضا فیاض نے آخر تک وکٹ پر موجود رہتے ہوئے 18 ناقابلِ شکست رنز بنائے اور میچ کو کامیابی سے اختتام تک پہنچایا۔ آل راؤنڈ کارکردگی پر بریرہ سیف کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم نے نہ صرف فیصلہ کن میچ اپنے نام کیا بلکہ پانچ میچوں کی سیریز بھی 3-2 سے جیت کر بنگلہ دیش کے خلاف یادگار کامیابی حاصل کر لی۔







