لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا آپریشن، 3 خارجی ہلاک

پشاور(سی این پی) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے سی ٹی ڈی بنوں ریجن اور پولیس کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران تین خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی پولیس اسٹیشن نورنگ کی حدود میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو ایک بڑے ممکنہ خطرے سے محفوظ بنا لیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں میں ٹارگٹ کلر محمد عرف مجاہد، خاجی فواد اللہ عرف معاذ اور افنان خان عرف افنانی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد مختلف سنگین جرائم میں مطلوب تھے اور ان کے خلاف پولیس پر حملوں، دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل کے متعدد مقدمات درج تھے، جبکہ یہ عناصر طویل عرصے سے سیکیورٹی اداروں کو مطلوب تھے۔

حکام کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے کلاشنکوف، دو عدد 9 ایم ایم پستول، موبائل فونز اور کالعدم تنظیم سے تعلق ظاہر کرنے والے کارڈز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے نیٹ ورک سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا سدباب یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top