اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کی نجکاری میں میرٹ اور شفافیت اولین ترجیح ہے ۔پی آئی اے کی نجکاری کے لیےبولی 23دسمبر کو ہو گی اور تمام کارروائی میڈیا پر براہ راست نشر ہو گی ۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں پی آئی اے کی نجکاری میں حصہ لینے والی کمپنیوں اور کاروباری شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔
شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی اے کا تشخص بحال کرنے اور ادارے کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نجکاری کا عمل آسان بنایا گیا ہے ۔ پی آئی اے ایک بارپھر جلد اپنے نعرے کے مطابق” باکمال لوگ لاجواب سروس” کی اپنی روایات پر پورا اترے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی ائیرلائن کی دنیا بھر میں پروازوں کی بحالی سے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے لیے سہولت ہو گی ۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ سیاحتی شعبے کی ترقی کے لیے بھی قومی ائیر لائن کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے ۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ کامیاب بولی دہندہ پی آئی اے کے تشخص کی بحالی اور ترقی کے لیے تمام توانائیاں بروئے کار لائے گا۔ شرکا نے حکومت کی جانب سے قومی ائیر لائن کے عمل میں پیشہ ورانہ اور شفاف طریقہ کار کی تعریف کی ۔
.








