الیکٹرک بس ڈپو کا 97 فیصد کام مکمل ہو چکا، سی ڈی اے

اسلام آباد (وسیم اشرف عباسی) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈائریکٹر جنرل پروکیورمنٹ اینڈ کنٹریکٹ، دیگر سینئر افسران اور منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس میں الیکٹرک بس ڈپو اور چارجنگ اسٹیشنز کی تعمیر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ زیر تعمیر الیکٹرک بس ڈپو دو سائٹس پر مشتمل ہے اور تقریباً 97 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔

بس ڈپو کی سائٹ اے پر کام مکمل کر لیا گیا ہے اور الیکٹرک بسوں کے تمام 21 روٹس مکمل طور پر فنکشنل ہیں۔ شہریوں کی جانب سے یہ سہولت بھرپور پذیرائی حاصل کر رہی ہے، اور 31 دسمبر 2025 کو روزانہ کی بنیاد پر 1,02,000 شہریوں نے اس سہولت سے استفادہ کیا۔ اجلاس میں مارگلہ ایونیو کو موٹروے ایم ون سے منسلک کرنے، کنونشن، ایکسپو اینڈ ایگزیبیشن سینٹر کی تعمیر اور اسلام آباد میں لگژری ہوٹل کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ دارالحکومت میں میزبانی (ہاسپیٹیلٹی) کی صنعت کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور تمام ترقیاتی منصوبوں کے ڈیزائن کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے کے آرکیٹیکچر اور ڈیزائن کے شعبے کو مزید مضبوط کیا جائے اور اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات اور جدید انفراسٹرکچر فراہم کرنے کو سی ڈی اے کی اولین ترجیحات میں شامل کیا جائے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top