راولپنڈی :مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان سے بڑھ کر کچھ نہیں ۔ایک شخص کی خواہشات اس حد تک بڑھ چکی ہیں کہ وہ کہتا ہے کہ” میں نہیں تو کچھ نہیں”۔انہوں نے کہا کہ ایک ذہنی مریض ریاست مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے سکیورٹی تھریٹ بن چکا ہے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو ملک میں پھیلائے جانے والے ریاست اور فوج مخالف جھوٹے بیانیے پرراولپنڈی میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اور عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج پورے ملک کی فوج ہیں ۔ ہمارا کسی علاقے ،لسانیت یا سیاسی سوچ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف پاکستان ہے۔
مسلح افواج کے ترجمان نے ایک اور سوال پر کہا کہ ایک سزا یافتہ مجرم سے جب کوئی ملتا ہے تو وہ آئین اور قانون کو بالائے طاق رکھ کر ریاست کے خلاف بیانیہ بناتا ہے۔انہوں نے سوال پوچھا کہ یہ کس قانون اور آئین میں لکھا ہے کہ ایک قیدی سے جیل میں جا کر بیانیہ بنانے کی مشاورت کی جائے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنی نیوز بریفنگ میں واضح پیغام دیا کہ پاکستان میں جھوٹ اور فریب کا یہ کاروبار مزید نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ ذہنی مریض کی ساری سیاست فوج کے خلاف جھوٹ بولنے کے گرد گھومتی ہے۔








