فیصل آباد: محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کاشت جلد از جلد مکمل کریں، جبکہ 10 دسمبر تک کاشت کی صورت میں شرح بیج 60 کلوگرام فی ایکڑ رکھی جائے۔ ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کہا کہ گندم کی دیر سے کاشت روزانہ کی بنیاد پر پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہے، جس سے کاشتکاروں کو مالی نقصان ہوسکتا ہے اور پیداواری اہداف بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی پر خصوصی توجہ دیں، پہلے پانی کے بعد وتر آنے پر دوہری بار ہیرو چلائیں اور ضرورت کے مطابق جڑی بوٹی مار زہروں کا استعمال کریں۔ ان کے مطابق چوڑے اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کے لیے سفارش کردہ زہر مؤثر ثابت ہوا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ زہروں کا بروقت اور مناسب مقدار میں استعمال ضروری ہے اور اس بارے میں محکمہ زراعت کے مقامی عملے سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس، مکئی اور کماد کے بعد کاشت کی گئی گندم کو پہلا پانی بوائی کے 20 سے 25 دن بعد جبکہ دھان کے بعد والی گندم کو پہلا پانی 30 سے 40 دن بعد دینا چاہیے۔









