Pakistan U19 Asia Cup

تاریخ رقم: پاکستان انڈر 19 نے بھارت کو روند کرپہلی بار ایشیا کپ جیت لیا

دبئی:
پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ایشیا کپ فائنل میں شاندار اور یکطرفہ کھیل پیش کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ اس تاریخی کامیابی کے ساتھ پاکستان نے پہلی بار انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

دبئی میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان کے اوپنر سمیر منہاس نے ناقابلِ یقین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 113 گیندوں پر 172 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ سمیر منہاس نہ صرف فائنل کے ہیرو ثابت ہوئے بلکہ وہ پورے ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی رہے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ سمیر منہاس کے ساتھ احمد حسین نے 56 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ عثمان خان نے 35 رنز بنا کر اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

بھارت کی جانب سے دپیش دیویندرن نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کھلان پٹیل اور ہنیل پٹیل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کانیشک چوہان نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔ ٹاس بھارت نے جیتا تھا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، جو بعد میں مہنگا ثابت ہوا۔

بھارتی بیٹنگ لائن مکمل طور پر بکھر گئی

348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی انڈر 19 ٹیم دباؤ کا شکار نظر آئی اور اس کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر بکھر گئی۔ پوری بھارتی ٹیم صرف 26.2 اوورز میں 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بھارت کی طرف سے دسویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے دپیش دیویندرن 36 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ اوپنر وبھے سوریاوانشی 26 رنز بنا سکے۔ دیگر کوئی بھی بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔

پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ علی رضا نے 4 وکٹیں حاصل کر کے بھارتی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ محمد صیام، عبد السبحان اور حذیفہ احسن نے 2، 2 وکٹیں لے کر فتح کو یقینی بنایا۔

پاکستان نے 13 سال بعد ٹائٹل جیتا

واضح رہے کہ پاکستان کی انڈر 19 ٹیم اس سے قبل دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیت چکی ہے، تاہم ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے میں اب تک کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔ 2012 میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کو مشترکہ طور پر چیمپئن قرار دیا گیا تھا۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے 13 سال بعد انڈر 19 ایشیا کپ میں اپنی تاریخ کا پہلا ٹائٹل جیت کر نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top