سال 2025 پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے ون ڈے فارمیٹ میں مجموعی طور پر مایوس کن ثابت ہوا۔ قومی ویمن ٹیم نے رواں سال مجموعی طور پر 10 ون ڈے میچز کھیلے، جن میں سے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل ہو سکی، جبکہ 6 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور 3 میچز بے نتیجہ رہے۔
ان 10 ون ڈے میچز میں آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کے 7 میچز بھی شامل تھے، جہاں پاکستان ویمن ٹیم ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی۔ ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کو چار میچز میں شکست ہوئی جبکہ تین میچز کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔ پاکستان ویمن ٹیم نے سال 2025 میں اپنی سرزمین پر ساؤتھ افریقہ ویمن ٹیم کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز بھی کھیلی، جس میں میزبان ٹیم کو ایک میچ میں کامیابی ملی۔
سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں ساؤتھ افریقہ کی ٹیم نے پاکستان ویمن ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ دوسرے ون ڈے میں بارش کے باعث ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت ساؤتھ افریقہ نے پاکستان کو 25 رنز سے ہرایا، جبکہ تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے ساؤتھ افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں واحد کامیابی حاصل کی۔
مجموعی طور پر سال 2025 کے ون ڈے نتائج پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن کر سامنے آئے ہیں، جس کے بعد ٹیم کی حکمتِ عملی اور تیاریوں پر نظرِ ثانی کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔









