لاہور: (کے این ڈی نیوز) محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور دیگر شہروں میں ہلکی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو دن کے وقت سفر کو ترجیح دینے اور صبح و شام کی کم روشنی میں احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، میانوالی، بھکر، سرگودھا، خوشاب، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، نورپور تھل، فیصل آباد، لیہ، جھنگ، ساہیوال، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانیوال، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں درمیانی سے گھنی دھند ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گاڑیوں کی ہلکی لائٹس استعمال کرنے اور فاصلہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
لاہور میں گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ ہوا میں نمی کی شرح 16 فیصد رہی۔ شہر میں دھند اور آلودگی کے امتزاج نے ایئر کوالٹی انڈیکس کو خطرناک حد تک پہنچا دیا، جس سے شہریوں کے لیے سانس لینے میں دشواری اور صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی صورتحال درج ذیل رہی: سی ای آر پی آفس 263، بیدیاں روڈ 186، ایف ایف پاکستان 251، عسکری ٹین 167، علامہ اقبال ٹاؤن 220، کنٹونمنٹ 193، اور ڈائمنڈ پینٹس 218۔ ماہرین صحت شہریوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ گھریلو اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں کے دوران ماسک کا استعمال کریں اور دھند کے شدید دنوں میں بچوں اور بزرگوں کو باہر نکلنے سے گریز کریں۔









