کریٹکس چوائس ایوارڈز:

کریٹکس چوائس ایوارڈز : ٹموتھی شالامیٹ بہترین اداکار قرار

ہالی ووڈ ایوارڈ سیزن کے آغاز پر اداکار ٹموتھی شالامیٹ (Timothée Chalamet) نے اپنی آسکر مہم کو بڑی تقویت دے دی، جب انہوں نے فلم ’مارٹی سپریم‘ (Marty Supreme) میں شاندار اداکاری پر کریٹکس چوائس ایوارڈز میں بہترین اداکار کا اعزاز حاصل کر لیا۔ یہ رواں سال کے ہالی ووڈ ایوارڈ سیزن کی پہلی بڑی تقریب تھی، جس نے آسکرز کی دوڑ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔

ٹموتھی شالامیٹ نے اس کیٹیگری میں معروف اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو (Leonardo DiCaprio) کو شکست دی، تاہم ڈی کیپریو کی سیاسی تھرلر فلم ’ون بیٹل آفٹر اینادر‘ (One Battle After Another) نے بہترین فلم کا اعزاز اپنے نام کیا، جبکہ فلم کے ہدایتکار پال تھامس اینڈرسن (Paul Thomas Anderson) کو بہترین ہدایتکار اور بہترین ایڈاپٹڈ اسکرین پلے کے ایوارڈز دیے گئے۔

فلم ’مارٹی سپریم‘ میں شالامیٹ نے 1950 کی دہائی کے ایک ٹیبل ٹینس چیمپئن کا کردار ادا کیا ہے، جو غیر معمولی عزائم اور شہرت کے خواب میں مبتلا ہے۔ یہ فلم معروف ٹیبل ٹینس اسٹار مارٹی ریزمین (Marty Reisman) کی زندگی سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔ فلم کی ہدایت کاری جوش سفدی (Josh Safdie) نے کی، جو اس سے قبل ’ان کٹ جیمز‘ (Uncut Gems) جیسی کامیاب فلم بنا چکے ہیں۔

ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ٹموتھی شالامیٹ نے کہا کہ فلم ایک ایسے انسان کی کہانی ہے جس کے خواب عام مگر جذبہ غیر معمولی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم ناظرین کو یہ نہیں بتاتی کہ کیا درست ہے اور کیا غلط، بلکہ انہیں سوچنے کا موقع دیتی ہے، اور یہی کہانی سنانے کا بہترین انداز ہونا چاہیے۔

کریٹکس چوائس ایوارڈز، آسکر کے لیے اہم سنگِ میل تصور کیے جاتے ہیں

کریٹکس چوائس ایوارڈز، جو شمالی امریکا کے سب سے بڑے فلم ناقدین کے گروپ کی جانب سے دیے جاتے ہیں، آسکر ووٹنگ سے قبل فلموں اور اداکاروں کے لیے اہم سنگِ میل تصور کیے جاتے ہیں۔ اس سال یہ تقریب گولڈن گلوبز کی جگہ پہلے ویک اینڈ پر منعقد ہوئی، جبکہ گولڈن گلوبز اگلے ہفتے بیورلی ہلز میں ہوں گے۔

تقریب میں جَیسی بکلی (Jessie Buckley) نے فلم ’ہامنٹ‘ (Hamnet) میں شیکسپیئر کی اہلیہ کے کردار پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتا۔ جیکب ایلوردی (Jacob Elordi) کو فلم ’فرینکنسٹائن‘ (Frankenstein) میں معاون اداکار کے کردار پر اعزاز ملا، جبکہ فلم نے تین تکنیکی ایوارڈز بھی حاصل کیے۔ معاون اداکارہ کا ایوارڈ ایمی میڈیگن (Amy Madigan) نے فلم ’ویپنز‘ (Weapons) میں منفی کردار پر جیتا۔

نیٹ فلکس کی مقبول اینیمیٹڈ میوزیکل فلم ’کے پاپ ڈیمن ہنٹرز‘ (KPop Demon Hunters) کو بہترین اینیمیٹڈ فلم اور بہترین گانے کا ایوارڈ ملا۔ جبکہ فلم ’سنرز‘ (Sinners) کو بہترین اوریجنل اسکرین پلے، ینگ ایکٹر، موسیقی اور کاسٹنگ کے ایوارڈز پر اکتفا کرنا پڑا۔

ٹیلی ویژن کیٹیگری میں ہسپتال ڈرامہ ’دی پٹ‘ (The Pitt) کو بہترین ڈرامہ سیریز، ہالی ووڈ طنزیہ سیریز ’دی اسٹوڈیو‘ (The Studio) کو بہترین کامیڈی، جبکہ ’ایڈولیسنس‘ (Adolescence) کو بہترین لمیٹڈ سیریز قرار دیا گیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top