متوازن کھادوں کا استعمال

کسانوں کیلئے خوشخبری، گندم کی زیادہ پیداوار کا آسان فارمولا

لاہور:
ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ گندم کی بھرپور اور معیاری پیداوار کے حصول کے لیے متوازن کھادوں کا استعمال انتہائی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے نائٹروجنی، فاسفورسی اور پوٹاش والی کھادوں کا درست اور بروقت استعمال نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ترجمان کے مطابق متوازن کھادوں کے استعمال سے گندم کے پودے کی نشوونما بہتر ہوتی ہے، جڑوں کا نظام مضبوط ہوتا ہے جبکہ دانوں کے سائز اور معیار میں واضح بہتری آتی ہے۔ اس کے علاوہ پودوں میں بیماریوں اور نقصان دہ کیڑوں کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا ہوتی ہے جس کے نتیجے میں مجموعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوتا ہے۔

محکمہ زراعت نے ہدایت کی ہے کہ کاشتکار گندم میں باقی ماندہ نائٹروجنی کھاد پہلے اور دوسرے پانی کے ساتھ برابر اقساط میں استعمال کریں۔ تاہم ریتلی زمینوں میں نائٹروجنی کھاد تین برابر اقساط میں ڈالنا زیادہ موزوں ہے کیونکہ ایسی زمینوں میں کھاد کے ضائع ہونے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر فاسفورسی یا پوٹاش والی کھاد بوقتِ کاشت استعمال نہ کی جا سکی ہو تو اسے پہلے پانی کے ساتھ ضرور ڈالیں تاکہ فصل کو مطلوبہ غذائیت بروقت فراہم ہو سکے۔ محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کے کھیتوں میں جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی کو بھی انتہائی ضروری قرار دیا ہے کیونکہ جڑی بوٹیاں فصل کی غذائیت جذب کر کے پیداوار کو متاثر کرتی ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top