نسیم شاہ جرمانہ

آئی سی سی کا نسیم شاہ پر ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ

دبئی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطۂ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یہ کارروائی انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (ILT20) کے فائنل کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے پر کی گئی۔

آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ واقعہ 4 جنوری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ڈیزرٹ وائپرز اور ایم آئی ایمریٹس کے فائنل میچ کے دوران پیش آیا۔ میچ ریفری سائمن ٹافل نے نسیم شاہ کے رویے کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل کے تحت خلاف ورزی قرار دیا۔

واقعہ میچ کے 11ویں اوور میں اس وقت پیش آیا جب ایم آئی ایمریٹس کے کپتان کیرون پولارڈ نے نسیم شاہ کی گیند کو دفاعی انداز میں کھیل کر سیدھا باؤلر کی جانب لوٹا دیا۔ نسیم شاہ نے گیند اٹھا کر مسکراتے ہوئے پولارڈ کی جانب دیکھا، جس پر پولارڈ نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کے قریب آگئے۔ امپائرز اور ڈیزرٹ وائپرز کے بلے باز جیسن رائے نے مداخلت کر کے معاملہ رفع دفع کیا۔ بعد ازاں نسیم شاہ نے 16ویں اوور کی پہلی گیند پر پولارڈ کو آؤٹ کر دیا۔ پولارڈ نے 28 گیندوں پر 28 رنز اسکور کیے۔

واقعے کے باوجود ڈیزرٹ وائپرز نے فائنل میں ایم آئی ایمریٹس کو 46 رنز سے شکست دے کر اپنی تاریخ کا پہلا آئی ایل ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل جیت لیا۔ فتح میں نسیم شاہ کی شاندار بولنگ اور کپتان سیم کرن کی ناقابلِ شکست نصف سنچری نے اہم کردار ادا کیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top