انڈر-19-ورلڈ-کپ

انڈر 19 ورلڈ کپ : پاکستان سپر سکس میں داخل، زمبابوے کو شکست

ہرارے : آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، جس کے بعد قومی انڈر 19 ٹیم نے گروپ سی میں دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سپر سکس مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی بولرز کی شاندار اور منظم بولنگ کے باعث زمبابوے کی پوری ٹیم 35.5 اوورز میں 128 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ زمبابوے کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔

پاکستان کی جانب سے علی رضا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد صیام، عبدالسبحان اور مومن قمر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ مجموعی طور پر پاکستانی بولرز نے میچ پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا۔

129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 26.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ اوپنر سمیر منہاس نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 74 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

عثمان خان 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ علی حسن بلوچ 3 رنز ہی بنا سکے۔ احمد حسین 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر سمیر منہاس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top