انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ

انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

ہرارے: آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن پاکستانی باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 28.3 اوورز میں صرف 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ہیوگو بوگ 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے عبدالصبحان نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ علی رضا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد صیام اور مومن قمر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے 111 رنز کا ہدف باآسانی 17.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ حمزہ ظہور 8 اور عثمان خان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سمیر منہاس نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 2 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ کپتان فرحان یوسف 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر عبدالصبحان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ گروپ ٹو میں پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ سپر سکس مرحلے کا آخری میچ اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ انڈر 19 ورلڈ کپ کے میچز پی ٹی وی اسپورٹس ایچ ڈی پر براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top