میٹا کا فیس بک اور انسٹاگرام کے لیےماہانہ فیس کا اعلان

میٹا نے برطانیہ میں فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کے لیے اشتہارات سے پاک سبسکرپشن متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کی نئی پالیسی کے تحت صارفین کے پاس دو اختیارات ہوں گے، یا تو وہ ماہانہ فیس ادا کر کے اشتہارات کے بغیر سروس استعمال کریں یا پھر مفت سروس جاری رکھیں جس میں ٹارگٹڈ اشتہارات دکھائے جائیں گے۔  میٹا کے مطابق اشتہارات سے پاک سروسز استعمال کرنے والے صارفین ماہانہ فیس ادا کریں گے، تاہم اگر کوئی صارف اشتہارات کے ساتھ پلیٹ فارمز کا استعمال جاری رکھنا چاہے تو ان سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔

مذکورہ ماڈل یورپی ریگولیٹرز کی بڑھتی ہوئی جانچ پڑتال کے جواب میں پیش کیا جا رہا ہے، جس کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دیگر ممالک میں بھی مذکورہ ماڈل پیش کیا جائے گا۔ ماڈل کے تحت فیس بک اور انسٹاگرام پر ماہانہ سبسکرپشن کی ویب ورژن کی فیس تقریبا 3 پاؤںڈ اور آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پر 3.99 پاؤنڈز ماہانہ ہوگی۔

یہ یورپی یونین میں میٹا کے اسی طرح کے ماڈل کی طرح ہے جو ڈیٹا پرائیویسی قوانین کی تعمیل کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ یورپین یونین کی طرح برطانیہ کے ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے پلیٹ فارمز کے ذاتی معلومات کو اشتہارات کے لیے استعمال کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

میٹا کا کہنا ہے کہ اشتہارات سے پاک سبسکرپشن صارفین کو اپنے آن لائن تجربے پر زیادہ کنٹرول دے گی جبکہ مفت سروسز کو اشتہارات کے ذریعے چلانے کی صلاحیت بھی برقرار رہے گی۔ کمپنی کے مطابق ادائیگی کرنے والے صارفین کو اشتہارات نہیں دکھائے جائیں گے اور ان کا ڈیٹا اشتہارات کے لیے استعمال نہیں ہوگا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top