کھرمنگ : ضلع کھرمنگ کے علاقے مہدی آباد کے نواحی گائوں پنداہ کی طالبات نے سکول وین کی عدم فراہمی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ طالبات نے پنداہ پل کے قریب شاہراہِ کارگل کو بند کر کے حکام کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کرائی۔ مظاہرے میں شریک طالبات کا کہنا تھا کہ انہیں روزانہ کئی کلومیٹر کا سفر طے کر کے سکول جانا پڑتا ہے اور وین نہ ہونے کے باعث انہیں شدید مشکلات، خاص طور پر سردیوں اور خراب موسم کے دوران، درپیش آتی ہیں۔ احتجاج کے باعث شاہراہِ کارگل پر ٹریفک معطل ہو گئی، جس سے عام مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور مسافروں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔ طالبات نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ سکول وین کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ طالبات نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کے جائز مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گی۔









