آر ڈبلیو ایم سی کی انسدادِ سموگ آگاہی مہم

راولپنڈی : راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کمیونیکیشن ٹیم نے انسدادِ سموگ آگاہی مہم کے سلسلے میں راول پارک اور اس کی مارکیٹ میں شہریوں میں پمفلٹس تقسیم کیے اور سموگ سے بچاؤ کے عملی اقدامات سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔ مہم کا مقصد شہریوں میں سموگ کی وجوہات، اس کے انسانی صحت پر اثرات اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔ ٹیم نے دکانداروں، خریداروں اور عام شہریوں کو بتایا کہ سموگ کی بڑی وجوہات میں کچرا جلانا، گاڑیوں کا دھواں، فیکٹریوں کا فضائی اخراج اور درختوں کی کٹائی شامل ہیں۔ عوام کو تاکید کی گئی کہ وہ صفائی کے عمل میں تعاون کریں، کوڑا جلانے سے گریز کریں، درخت لگائیں اور دھوئیں کے اخراج کو کم سے کم کرنے کی کوشش کریں۔

کمیونیکیشن ٹیم نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کیلئے اجتماعی شعور اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ شہریوں میں تقسیم کیے گئے پمفلٹس میں احتیاطی تدابیر درج تھیں، جن میں ماسک کے استعمال، غیر ضروری گاڑیوں کے استعمال سے گریز، گھروں اور مارکیٹوں میں کوڑا دان کا استعمال اور ماحول دوست رویے اپنانے کی تلقین کی گئی۔

  آر ڈبلیو ایم سی  کے ترجمان نے کہا کہ کمپنی ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت نہ صرف صفائی ستھرائی کے عمل کو یقینی بنا رہی ہے بلکہ عوامی سطح پر ماحولیاتی آگاہی بھی پھیلا رہی ہے تاکہ راولپنڈی کو ایک صاف، صحت مند اور سموگ فری شہر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آر ڈبلیو ایم سی کی ٹیمیں شہر کے مختلف مقامات پر اسی نوعیت کی آگاہی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ کوڑا کرکٹ کھلے مقامات پر پھینکنے یا جلانے سے گریز کریں ۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top