فضل الرحمان کا بڑا اعلان

جے یو آئی نے 27ویں آئینی ترمیم مسترد کردی — فضل الرحمان کا بڑا اعلان

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے پارلیمنٹ سے منظور کی گئی 27ویں آئینی ترمیم کو ایک بار پھر مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قانون سازی قومی اتفاقِ رائے کے بغیر کی گئی، جو نہ صرف جمہوری روایت کے خلاف ہے بلکہ آئینی عمل کو بھی متاثر کرتی ہے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی مجلسِ شوریٰ کا اہم اجلاس 23 اور 24 نومبر کو منعقد ہوا، جس میں 27ویں آئینی ترمیم سمیت پارلیمنٹ میں حالیہ منظور شدہ قوانین کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان کے مطابق جماعت نے اس ترمیم کی پارلیمنٹ میں بھی بھرپور مخالفت کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 26ویں آئینی ترمیم حکومت، اپوزیشن اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے منظور ہوئی تھی، اور جے یو آئی کے ساتھ مذاکرات بھی ایک ماہ تک جاری رہے تھے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ 27ویں ترمیم کی تیاری میں اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور حکومت نے عددی اکثریت پوری کرنے کے لیے اراکین کو دباؤ کے ذریعے ساتھ ملایا، جو پارلیمانی روایات کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرزِ عمل سے نہ حکومت کا وقار بڑھا اور نہ ہی اُن قوتوں کی ساکھ مضبوط ہوئی جو اس ترمیم کو منظور کرانے کی پشت پر تھیں۔

جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ جن نکات پر حکومت 26ویں ترمیم کے دوران پیچھے ہٹ گئی تھی، وہی نکات 27ویں ترمیم میں زبردستی شامل کرائے گئے، حالانکہ 26ویں ترمیم پر عدالتی کارروائی پہلے ہی جاری تھی۔ ان کے مطابق نئی ترمیم سے عدلیہ بھی ایک کنفیوژن کا شکار ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اصولی طور پر آئینی عدالت کے قیام کے خلاف نہیں، لیکن اس کے لیے قومی اتفاقِ رائے ضروری تھا۔ جب آئین تشکیل دیا گیا تو دو تہائی اکثریت کے باوجود تمام صوبوں، جماعتوں اور مکاتبِ فکر کو اعتماد میں لیا گیا تھا، مگر 27ویں ترمیم میں یہ جمہوری روایت نظرانداز کی گئی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اس معاملے پر حکومتی موقف کی حمایت کرنا اس کی اپنی جماعتی روایات کے بھی برخلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین قومی امانت اور وحدت کی علامت ہے، اسے سیاسی مفادات کے تحت تبدیل نہیں کیا جانا چاہیے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top