راولپنڈی: پاکستان مرکزی مسلم لیگ سٹی راولپنڈی کے صدر رانا عقیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست ایک مقدس ذمہ داری ہے، جس کا مقصد عوام کی قیادت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہونا چاہیے، مگر بدقسمتی سے پاکستان میں سیاست کو منافع بخش کاروبار بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی تقریباً 25 کروڑ ہے، لیکن اقتدار محدود خاندانوں کے گرد ہی گھومتا رہا ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ اس روایت کو ختم کرنا چاہتی ہے اور نوجوان، تعلیم یافتہ اور باصلاحیت افراد کو قیادت کے مواقع فراہم کر رہی ہے، کیونکہ قیادت دولت نہیں بلکہ کردار اور صلاحیت سے جنم لیتی ہے۔
رانا عقیل نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ وہ واحد جماعت ہے جس نے یونین کونسل کی سطح پر انٹرا پارٹی الیکشن منعقد کر کے مثال قائم کی۔ راولپنڈی سٹی میں یو سی 87، یو سی 79 اور وارڈ نمبر 4 میں کامیاب انتخابات ہوئے، جبکہ یو سی 79 میں 800 سے زائد ووٹوں کا کاسٹ ہونا عوامی اعتماد کا ثبوت ہے۔
فلاحی سرگرمیاں اور عوامی خدمات
انہوں نے بتایا کہ جماعت میں شمولیت کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور گزشتہ ہفتے ڈھوک کھبہ سے تقریباً 200 افراد نے جماعت میں شمولیت اختیار کی، جبکہ دیگر علاقوں سے بھی کارکنان شامل ہوئے۔رانا عقیل کے مطابق جماعت کا منشور قیامِ پاکستان کے نظریے پر مبنی ہے اور نعرہ “ہماری سیاست، خدمتِ انسانیت” ہے۔ اسی سوچ کے تحت ملک بھر میں فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران جماعت نے بڑے پیمانے پر ریلیف آپریشن کیا، جس میں 150 سے زائد کشتیاں استعمال ہوئیں اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد متاثرین کو ریسکیو کیا گیا۔ متاثرہ افراد کو راشن اور پکا ہوا کھانا فراہم کیا گیا جبکہ بنیر میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد 58 مکانات کی تعمیر جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب میں سینکڑوں ہینڈ پمپس نصب کیے گئے، جبکہ راولپنڈی میں القدس آئی سینٹر فعال ہے۔ آئندہ 20 دن میں ڈائیگناسٹک لیب اور دو ماہ میں ڈائلیسز سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا۔ شہر کے 13 مقامات پر روزانہ دسترخوان بھی جاری ہیں۔









