اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں موسم سے متعلق نئی پیش گوئی جاری کر دی ہے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ سرد ہواؤں اور کم درجہ حرارت کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں اور بالائی سندھ کے اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، خطۂ پوٹھوہار، اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوئی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا، تاہم پنجاب اور بالائی سندھ کے مختلف اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہی، جس نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ میں منفی 09 ڈگری سینٹی گریڈ، گوپس میں منفی 04، کالام اور کوئٹہ میں منفی 03، قلات میں منفی 02 جبکہ مالم جبہ میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔









