جاپان ریکارڈ دفاعی بجٹ

چین کشیدگی: جاپان نے 58 ارب ڈالر کا ریکارڈ دفاعی بجٹ منظور کر لیا

ٹوکیو: چین کے ساتھ بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے پس منظر میں جاپان نے مالی سال 2026 کے لیے 58 ارب ڈالر کا ریکارڈ دفاعی بجٹ منظور کر لیا ہے، جو ملکی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا دفاعی بجٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپانی کابینہ کی منظوری سے پیش کیے گئے مسودہ بجٹ میں دفاعی اخراجات 9.04 ٹریلین ین مقرر کیے گئے ہیں، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 9.4 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔

اس سے قبل مالی سال 2025 میں جاپان نے دفاعی شعبے کے لیے 8.7 ٹریلین ین (تقریباً 55.7 ارب ڈالر) مختص کیے تھے، تاہم نئے بجٹ میں اس رقم میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ اضافہ جاپان کے پانچ سالہ دفاعی منصوبے کا چوتھا سال ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 43 ٹریلین ین (تقریباً 275 ارب ڈالر) دفاع پر خرچ کیے جانے ہیں۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد دفاعی اخراجات کو ملک کی مجموعی قومی پیداوار (GDP) کے 2 فیصد تک پہنچانا ہے۔

جاپان اور چین کے تعلقات میں تناؤ

غیر ملکی رپورٹس کے مطابق دفاعی بجٹ کی منظوری ایسے وقت میں دی گئی ہے جب چین اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات شدید تناؤ کا شکار ہیں۔ تائیوان کے معاملے پر جاپانی قیادت کے بیانات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اختلافات مزید بڑھ گئے ہیں۔

چین کی جانب سے ردعمل میں جاپان کے خلاف متعدد سفارتی اور معاشی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں جاپانی شہریوں کے سفر پر پابندیاں اور جاپان سے سمندری خوراک کی درآمد محدود کرنا شامل ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top