پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ماہ سری لنکا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ آل راؤنڈر شاداب خان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ نوجوان بلے باز خواجہ نافع کو بھی پہلی بار موقع دیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیے کے مطابق سلمان علی آغا کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ سیریز کے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔
آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ میں مصروف شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم اور حارث رؤف کو اس سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ اور میچ شیڈول
پی سی بی کے مطابق اسکواڈ میں کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، ابرار احمد، شاداب خان، فخر زمان، سلمان مرزا، خواجہ نافع، عثمان خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب، عبدالصمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو ڈمبولا میں کھیلے جائیں گے۔









