37 ہزار گھروں کا منصوبہ

پنجاب میں کم آمدن افراد کیلئے 37 ہزار گھروں کا منصوبہ شروع

کم آمدن افراد کے لیے پنجاب میں 37 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر کا نیا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لانچ کیا گیا ہے، جس کے تحت اڑھائی سے تین مرلہ سرکاری اراضی پر رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

پنجاب حکومت کے مطابق یہ منصوبہ سرکاری زمین پر پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا، جبکہ تعمیراتی کام آئندہ تین ماہ کے اندر شروع ہونے کا امکان ہے۔ منصوبے کا مقصد کم آمدن والے مستحق خاندانوں کو باعزت اور محفوظ رہائش فراہم کرنا ہے۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کو پنجاب افورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عمران علی سلطان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ بینک کے اشتراک سے پنجاب کے 25 اضلاع میں 35 مختلف مقامات پر گھروں کی تعمیر کی جائے گی۔

بریفنگ کے مطابق منصوبے میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، لیہ، خانیوال سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں، جہاں کم آمدن طبقے کے لیے رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

کم آمدن طبقے کے لیے رہائش وزیر اعلیٰ کی ترجیح

وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ سرکاری اراضی پر نجی شعبے کے تعاون سے شفاف انداز میں تعمیرات کی جائیں گی، جبکہ مستحق خاندانوں کے لیے اقساط کو کم سے کم رکھا جائے گا تاکہ مالی دباؤ نہ بڑھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پانچ سالہ مدت میں ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت پانچ لاکھ سے زائد خاندانوں کو گھروں کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اور افورڈایبل ہاؤسنگ منصوبہ اسی ویژن کا عملی تسلسل ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top