حکومت کا سال نو پر عوام کے لیے تحفہ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر کے عوام کو بڑا ریلیف دے دیا گیا۔ پیٹرول 10 روپے 28 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 8 روپے 57 پیسے سستا ہو گیا، اور نئی قیمتیں رات بارہ بجے سے نافذ العمل ہو چکی ہیں۔
حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ بدھ کو پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 57 پیسے فی لٹر کمی کے بعد نئی قیمت 257 روپے 08 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی، جبکہ پہلے یہ 265 روپے 65 پیسے فی لیٹر تھی۔
اسی طرح موٹر اسپرٹ (پٹرول) کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے فی لٹر کمی کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لٹر ہو گئی، جبکہ پہلے 263 روپے 45 پیسے تھی۔
یہ کمی عوام اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری 2026 کی رات 12 بجے سے ہو گیا ہے۔ عوامی حلقوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور اسے سال کے آغاز پر ایک مثبت اقتصادی قدم کے طور پر سراہا ہے۔









