سی ڈی اے غیر قانونی تعمیرات

اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے کا بڑا آپریشن

اسلام آباد (سی این پی) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعہ کو اسلام آباد میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اہم اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے وژن کے مطابق اسلام آباد کو غیر قانونی تعمیرات سے پاک رکھنے کی جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا اور آپریشنز میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم فاطمہ اور دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی قبضہ مافیا کے خلاف آپریشنز کے تفصیلی اقدامات زیر بحث آئے۔

ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم فاطمہ کی نگرانی میں ڈپلومیٹک انکلیو اور اس سے ملحقہ علاقوں بشمول سابقہ مسلم کالونی میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس دوران 900 کنال سے زائد قیمتی سرکاری زمین غیر قانونی قابضین سے واگزار کروائی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں مقامی افراد کو قانون کے مطابق شنوائی کا موقع دیا گیا اور چیئرمین کی ہدایت پر سائٹ آفس قائم کیا گیا جہاں شہریوں کے جائز مطالبات سنے اور ان کا قانون کے مطابق حل فراہم کیا گیا۔

شہریوں کے جائز مطالبات حل کرنا اولین ترجیح، محمد علی رندھاوا

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جن افراد کے پاس قانونی ملکیتی حقوق سے متعلق دستاویزات ہیں وہ سی ڈی اے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ تمام آپریشنز میں سی ڈی اے انفورسمنٹ کو پلاننگ ونگ، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی مکمل معاونت حاصل ہے۔ قبضہ مافیا کے خلاف ایف آئی آر اندراج بھی تیزی سے جاری ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شہریوں کے جائز مطالبات کو قانون کے مطابق حل کرنا اولین ترجیح ہے اور وہ منظم شہری منصوبہ بندی اور سرکاری اراضی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر قانونی تعمیرات یا تجاوزات دیکھیں تو فوراً متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ اب تک اربوں روپے کی قیمتی سرکاری زمین واگزار کرائی جا چکی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top