نیویارک (کے این ڈی رپورٹ) امریکی ماہرین نے نئی تحقیق کی بنیاد پر انکشاف کیا ہے کہ صحت مند زندگی اور طویل عمر کے حصول کے لیے نیند کی اہمیت صرف غذا اور ورزش ہی نہیں بلکہ ان سے بھی زیادہ ہے۔ ماہرین کے مطابق معیاری اور مکمل نیند انسانی جسم اور دماغ کے لیے وہ بنیادی عنصر ہے جو روزمرہ کی تھکن، ذہنی دباؤ اور جسمانی کمزوری کو دور کر کے مجموعی صحت کو بہتر بناتا ہے۔
امریکا کی اوریگن ہیلتھ اینڈ سائنس یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند کے دوران دماغ سمیت جسم کے تمام اعضا دن بھر کی محنت کے بعد خود کو ازسرِنو بحال کرتے ہیں۔ اس عمل کے دوران جسمانی نظام کی قدرتی اوورہالنگ ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں اعصابی نظام، دل اور دیگر اعضا دوبارہ مؤثر انداز میں کام کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔
تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ مناسب اور معیاری نیند نہ صرف ذہنی کارکردگی کو بہتر بناتی ہے بلکہ قوتِ مدافعت کو مضبوط کرنے، دل کی صحت برقرار رکھنے اور جسمانی توازن قائم رکھنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ نیند کی مسلسل کمی مختلف بیماریوں، ذہنی مسائل اور قبل از وقت بڑھاپے کا باعث بن سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق بہترین صحت اور طویل عمر کے فوائد حاصل کرنے کے لیے ہر فرد کو 24 گھنٹوں میں کم از کم سات گھنٹے کی نیند ضرور لینی چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ متوازن نیند کو صحت مند طرزِ زندگی کی بنیاد سمجھا جانا چاہیے، کیونکہ نیند کو نظرانداز کرنا مجموعی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔









