وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب کی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت

لاہور (سی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور شفاف تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات، بالخصوص صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سڑکوں کی تعمیر کے دوران کھدائی سے عوام کو ہونے والی تکلیف پر باضابطہ معذرت کرتے ہوئے واضح کیا کہ تمام منصوبے مقررہ ڈیڈ لائنز کے اندر مکمل کیے جائیں گے تاکہ عوامی مشکلات کا مستقل حل ممکن ہو سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تین گھنٹے تک پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام، مثالی گاؤں، پی ایچ اے، صاف پانی اور دیہی روڈ منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں جاری اسکیموں کی رفتار، معیار اور مانیٹرنگ کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ فلٹر پلانٹس سے متعلق عوامی شکایات موصول ہوئی ہیں، جن کے فوری ازالے کے لیے متاثرہ علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس ترجیحی بنیادوں پر نصب کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ واٹر بوٹلنگ پلانٹس اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر و بحالی 30 جون تک ہر صورت مکمل کی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان، خوشاب، رحیم یار خان اور بہاولپور میں عوام کو گھر کی دہلیز پر صاف پانی فراہم کیا جائے گا، جبکہ لاہور کینال کی بھل صفائی جلد مکمل کرنے اور بارش کے بعد پانی کے فوری نکاس کے لیے واضح اہداف مقرر کر دیے گئے ہیں۔

سڑکیں، دیہی ترقی اور مثالی گاؤں منصوبہ

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ روڈ بحالی کے 1529 منصوبوں کے تحت 4031 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت پنجاب کے 224 دیہات میں کام شروع ہو چکا ہے جبکہ مزید 469 دیہات میں واٹر سپلائی اسکیمیں، چلڈرن پارکس اور اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی۔

منصوبوں کی مؤثر نگرانی کے لیے لائیو ڈیش بورڈ قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی تاکہ شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

لاہور ڈویلپمنٹ، پی ایچ اے اور ہاؤسنگ منصوبے

وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے پہلے فیز کی تکمیل اور دوسرے فیز کو 30 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سات شہروں میں جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو اپریل تک مکمل کرنے کا بھی حکم دیا۔

پی ایچ اے کی مالی خودمختاری اور اثاثوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ریسورس جنریشن پلان بنانے کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” منصوبے کی دوسری قسط فوری جاری کی جا رہی ہے اور اس وقت روزانہ 700 مکانات کی تعمیر جاری ہے۔

اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ 52 شہروں میں 204 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر و مرمت کے منصوبے 22 فروری تک شروع ہوں گے۔ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس، فلٹر پلانٹس کی مرمت اور نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب 30 جون تک مکمل کر لی جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا کہ عوامی سہولت سے جڑے منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top