لندن (ویب نیوز) ڈچس آف سسیکس میگھن مارکل نے اپنی لائف اسٹائل برانڈ “ایز ایور” (As Ever) کی ویب سائٹ پر سامنے آنے والے تنازع کے باوجود آئندہ توسیعی منصوبوں کے واضح اشارے دے دیے ہیں، جس سے برطانوی مارکیٹ کو ہدف بنانے کی قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔
حال ہی میں ویب سائٹ پر ایک تکنیکی خرابی کے باعث برانڈ کی اصل انوینٹری منظرِ عام پر آ گئی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر سوالات اٹھے کہ آیا یہ برانڈ واقعی اتنا مقبول ہے یا نہیں۔ ایک ریڈٹ صارف کے مطابق ویب سائٹ پر لاکھوں ڈالر مالیت کی مصنوعات تاحال اسٹاک میں موجود ہیں۔
تاہم اس تنازع کے باوجود میگھن مارکل نے بدھ کے روز As Ever کے انسٹاگرام پیج پر ایک پیغام شیئر کیا جس میں لکھا تھا: “یہ آپ کیلئے اشارہ ہے کہ کیتلی چولہے پر رکھ دیں”، جسے مداحوں نے ایک عام برطانوی محاورہ قرار دیا۔
شائقین کے مطابق یہ جملہ دانستہ طور پر استعمال کیا گیا ہے، جو اس بات کی علامت ہو سکتا ہے کہ میگھن مارکل اپنے برانڈ کی توجہ اب برطانوی صارفین کی جانب مرکوز کر رہی ہیں، خصوصاً اس لیے کہ برانڈ میں چائے اور اس سے متعلق مصنوعات شامل ہیں۔
کاروبار کامیاب یا سوالیہ نشان؟
ذرائع کے مطابق As Ever کی انوینٹری کو حالیہ مہینوں میں خاصا بڑھایا گیا ہے، جو امریکہ سے باہر، بالخصوص برطانیہ میں شپنگ اور بین الاقوامی توسیع کے منصوبے کا حصہ ہے۔ رپورٹس کے مطابق ویب سائٹ پر اس وقت تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر مالیت کی مصنوعات موجود ہیں، جن میں ہزاروں کینڈی اسپریںکلز، فروٹ اسپریڈ گفٹ باکسز اور خوشبودار موم بتیاں شامل ہیں۔
تاہم برانڈ سے وابستہ ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ کاروبار نہ صرف کامیاب ہے بلکہ مصنوعات تیزی سے فروخت ہو رہی ہیں اور توسیعی منصوبے اسی طلب کے پیشِ نظر بنائے گئے ہیں۔









